دبئی : بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری اور بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے، جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ جے شاہ نے اپنے نئے عہدے پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی چیئرمین بننے پر وہ فخر محسوس کر رہے ہیں اور آئی سی سی ڈائریکٹرز اور رکن بورڈز کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
جے شاہ نے مزید کہا کہ یہ کرکٹ کے لیے ایک پُرجوش لمحہ ہے، کیونکہ آئی سی سی 2028 کے اولمپکس کی تیاری کر رہی ہے اور کرکٹ کو شائقین کے لیے مزید دلچسپ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خواتین کے کھیل کی ترقی پر زور دیا اور کہا کہ کرکٹ میں عالمی سطح پر بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ وہ آئی سی سی کی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کھیل کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دریں اثنا، چیمئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان ڈیڈ لاک کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق یہ توقع کی جا رہی ہے کہ چیمئنز ٹرافی کا معاملہ کل تک حل ہو جائے گا، اور آئی سی سی بورڈ ممبران کی میٹنگ میں ووٹنگ سے پہلے ہی اس مسئلے کا حل نکل آئے گا۔
اگر بی سی سی آئی اور آئی سی سی پاکستان کے فارمولے کو تسلیم کر لیتے ہیں تو اگلے تین برس تک نہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آ کر میچز کھیلے گی اور نہ ہی قومی ٹیم بھارت جائے گی ، اس ماڈل کو ہائبرڈ ماڈل کے بجائے کچھ اور نام دیا جائے گا۔