غزہ: اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں میں مزید 100 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں سے 75 افراد بیت لاہیا کی رہائشی عمارتوں پر بمباری میں جان کی بازی ہار گئے۔ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں بھی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 17 افراد شہید ہوئے، جب کہ خوراک کی تقسیم کے دوران اسرائیلی حملے میں 3 امدادی کارکن بھی شہید ہوگئے۔ اس حملے کے بعد امدادی اداروں نے غزہ میں خوراک کی تقسیم کا عمل روک دیا۔
رپورٹ کے مطابق، شمالی غزہ میں اسرائیلی محاصرے اور وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں اب تک 2700 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور علاقے میں سنگین غذائی بحران کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 44,382 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 5 ہزار 142 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، لبنان میں حزب اللہ نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے چوتھے روز فتح کا اعلان کیا ہے۔ امریکی فوج نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کے لیے میجر جنرل جیسپر جیفرز کو بیروت بھیج دیا ہے۔