ایپ سپ کے زیر اہتمام بین الاقوامی ریکٹرز کانفرنس، تعلیمی ماہرین کی شرکت 

09:38 PM, 1 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :ایپ سپ کے زیر اہتمام بین الاقوامی ریکٹرز کانفرنس منعقد ہوئی ۔اس میں ملک بھر سے تعلیمی ماہرین نے شرکت  کی۔ ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان ( APSUP ) کے زیر اہتمام چوتھی ریکٹرز کانفرنس COMSTECH، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کا موضوع "پائیدار افرادی قوت کی ترقی:ایچ آر ، اختراع، اور ہم آہنگی میں ٹیکنالوجی"  تھا۔ اس فلیگ شپ کانفرنس کی مشترکہ میزبانی سپیریئر یونیورسٹی، پریسٹن یونیورسٹی، فاسٹ یونیورسٹی، اور عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد نے کی۔ 

یہ کانفرنس انسانی وسائل، اختراعات اور ٹیکنالوجی کے تناظر میں افرادی قوت کی ترقی کے اہم پہلوؤں کو حل کرنے کے لیے ایک مشترکہ کوشش کی عکاس تھی۔اس موقع پرایپ سپ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے ایک خیرمقدمی تقریر کی اور ساتھ ہی بتایا کہ کس طرح یونیورسٹیوں کو اس گلوبلائزڈ دنیا میں متعلقہ بننے کے لیے حکمت عملی استعمال کرنی چاہیے۔  کوآرڈینیٹر جنرل COMSTECH، پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے بین الاقوامی تعاون اور بین الاقوامی کاری کے حوالے سے اہم خطاب کیا۔ 


چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ایس ایم طارق رفیع نے بین الصوبائی اور بین یونیورسٹی تعاون پر تقریر کی۔ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کاکہنا تھا کہ کس طرح پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کو تحقیق کے لیے مختص شعبے تیار کرنے پر کام کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر سیاحت وصی  شاہ  کا کہنا تھا کہ  حکومت نوجوانوں کو کس طرح سہولت فراہم کرے اور انہیں روزگار کے حصول میں مدد کرے۔


چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن  پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بھی ایک کلیدی خطاب کیا۔  اس تقریب میں  APSUP سندھ چیپٹر کی ایگزیکٹو باڈی کی تقریب حلف برداری بھی ہوئی۔ زیبسٹ کی صدر محترمہ شہناز عزیز علی کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔سووینئر تقسیم کرنے کی تقریب  میں  معززین کو یادگاری تحائف سے نوازا گیا۔ ریکٹرز کانفرنس کے پہلے دن کے اختتام پر  عشائیہ  بھی دیاگیا۔ 

مزیدخبریں