عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہو گی

12:02 PM, 1 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔آئندہ  سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف  سائفرکیس کی سماعت  فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد  میں کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء  کی جانب سے جیل ٹرائل کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی گئی اور دلائل دیئے گئے۔ 

عدالت نے ریمارکس دیئے وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کا انتظار کریں۔ اگر نوٹیفکیشن نہ آیا تو میں ملزمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردوں گا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا وزارت قانون کا نوٹیفکیشن عدالت میں جمع ہو چکا۔کل سائفر کیس کی سماعت مقرر کی ہے۔ نوٹیفکیشن میں شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بھی تحریر کیا گیا ہے۔۔

پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے استدعا کی گئی کہ سماعت پانچ دسمبر کو رکھ لی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پانچ دسمبر کو سماعت رکھ لیں گے لیکن حاضری کے حوالے سے تو سماعت رکھنی ہی ہے۔

عدالت نے سائفر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی اور قرار دیا کہ ملزمان کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق درخواست پر بھی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کی جاتی ہے

مزیدخبریں