اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب سے لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کے علاوہ کسی کو نہیں جانتا میری خواہش تھی کہ وہ آرمی چیف بن جائیں لیکن ان کے لیے لابنگ نہیں کی۔وہ دوسرے نمبر ہوتے تو کوشش کرتا لیکن وہ تھے ہی چھٹے نمبر پر تھے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف ادارے کے کہنے پر لگایا گیا کیونکہ وہ ہی میرٹ پر پورا اترتے تھے۔ میں نے وزیر اعظم کو کہا تھا کہ آپ جو بھی فیصلہ کریں گے پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں بلاکر پوچھا اگر وہ مشورے کے بغیر ہی لگادیتے تو ہم کیا کرسکتے تھے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ادارے کی طرف سے سیاست میں نہ آنے کا اعلان قابل تحسین ہے۔ عمران خان کا 2030 تک وزیر اعظم رہنے کا منصوبہ تھا جسے ہم نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ناکام بنایا۔