اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمارے پاس نمبر پورے ہیں۔ پرویز الہٰی آپشن نہیں ہے اس کے علاوہ ہمارے پاس بہت سےآپشنز ہیں۔ کے پی میں بھی تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف خود بھی الیکشن لڑ سکتا ہوں۔میانوالی میں ہم ان کے خلاف نواب آف کالا باغ کی فیملی کو میدان میں اتار رہے ہیں۔ نواب آف کالاباغ کی فیملی جلد پیپلز پارٹی جوائن کرلے گی۔
سابق صدر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑے گا اگر وہ یہ فیصلہ کرتا ہے تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہیں ہم ضمنی الیکشن کرادیں گے اور دیکھتا ہوں کہ اس کے کتنے ایم پی اے جیتتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم پنجاب میں نہیں بلکہ خیبر پختونخوا میں بھی عدم اعتماد لائیں گے۔ ہمارے کچھ لوگ گمراہ ہوگئے تھے وہ واپس آ رہے ہیں ۔پرویز الہٰی کے ساتھ دوریاں بہت بڑھ چکی ہیں ان سے شاید معاملات طے نہ پاسکیں۔