اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنا تشویشناک بات ہے، عوام کو یقین دلاتے ہیں دہشت گردی پر مکمل قابو پا لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، گزشتہ روز بلیلی میں دہشت گردی کا جو واقعہ ہوا وہ قابل مذمت ہے اور ٹی ٹی پی کا اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنا تشویشناک بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کا دہشت گردانہ واقعات میں ملوث ہوناافغان حکومت کیلئے بھی لمحہ فکریہ ہے، ٹی ٹی پی پاکستان کے اندر ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے جبکہ ٹی ٹی پی کا دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونا خطے کیلئے بھی خطرناک ہے، دہشت گردی کے واقعات کا ہونا اور پھر ذمہ داری قبول کرنا باعث تشویش ہے تاہم عوام کو یقین دلاتے ہیں دہشت گردی پر مکمل قابو پالیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے، دہشت گردی کے واقعات خیبرپختونخوا میں بھی سامنے آ رہے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کو اپنا کردار موثر طریقے سے ادا کرنے کی ضرورت ہے، اس بات کو اس انداز میں دیکھا جائے کہ یہ دوبارہ سر نہ اٹھا لیں۔
اس موقع پر انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین ملک میں ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے ملک میں عدم استحکام ہو، ملک میں اگر سیاسی عدم استحکام ہو گا تو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے، عمران خان جب حکومت میں تھے تو ان کی کوشش تھی اپوزیشن کو ہر صورت ختم کرنا ہے، عمران خان کا ایک ہی مقصد تھا سیاسی مخالفین پر مقدمات بناکر انہیں جیلوں میں ڈالنا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین پر کرپشن کا جھوٹا بیانیہ گھڑا اور مقدمات بنائے، عمران خان خود سب سے زیادہ کرپشن کر رہے تھے اور الزامات اپوزیشن پر لگارہے تھے، عمران خان میرا نام لے کر کہا کرتے تھے راناثنااللہ کو چھپنے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی، عمران خان کیلئے میں نے کہا تھا انہیں اسلام آباد آنے کی ہمت نہیں ہو سکے گی، عمران خان راولپنڈی تک تو آئے مگر انہیں اسلام آباد آنے کی ہمت نہ ہو سکی، عمران خان توشہ خانے سے گھڑیاں بیچتے رہے اور انہوں نے فرح گوگی کو کرپشن کا انچارج لگارکھا تھا۔