اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے ملاقات کی اور انہیں اپنے حالیہ دورہ افغانستان کے حوالے سے بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن افغانستان کا خواہاں ہے، بین الاقوامی برادری افغانستان کی صورت حال میں بہتری کیلئے کردار ادا کرے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے افغان بھائی اور بہنوں کی ہر ممکن مدد اور حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ حنا ربانی کھر نے وفد کے ہمراہ 29 نومبر کو افغانستان کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جس دوران کابل میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے علاوہ افغان ڈپٹی وزیراعظم عبدالسلام حنفی سے بھی ملاقات کی تھی۔