اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ای وی ایم ایک خواب ہے جس کو حقیقت بنانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کی زیر صدرات ای وی ایم سے متعلق بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر اعظم کے مشیر بابر اعوان، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں آئندہ انتخابات میں ای وی ایم اور آئی ووٹنگ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ حکومت نے ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر عملدرآمد سے متعلق الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ای وی ایم اور آئی ووٹنگ سے متعلق ہر معاملے پر ممکن تعاون کریں گے۔ اسٹوریج، ٹیسٹنگ لیبارٹریز سمیت دیگر ضروریات سے متعلق بھی حکومت الیکشن کمیشن سے تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے آئندہ جتنے بھی انتخابات ہوں وہ ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کے ذریعے ہوں۔ ای وی ایم ایک خواب ہے جس کو ہم حقیقت بنانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر انتخاب کو لوکل باڈیز ایکٹ میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے لوکل باڈیز ایکٹ میں ای وی ایم مشین پر انتخاب کی شق کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ وفاقی حکومت قانون بنا چکی ہے اورپنجاب حکومت بھی ای وی ایم کو لوکل باڈیز ایکٹ کا حصہ بنائے گی۔