اسلام آباد : ویکسی نیشن نہ لگوانے والوں کو موقع پر ہی ٹیکہ لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے دیگر کئی اہم فیصلے بھی کئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں ہوا جس میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون اور ملک میں ویکسی نیشن کی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ ، اموات اوراسپتالوں میں نئےداخل ہونے والے مریضوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس میں ویکسین کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد کو موقع پر ہی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کےلیے ویکسی نیشن ٹیمیں مختلف پبلک مقامات پر موجود رہیں گی۔
یاد رہے کہ ویکسی نیشن سے انکاری افراد کو موقع پر ہی ٹیکہ لگانے کی مہم کا آغاز آج سے ہی ہوگیا ہے ۔