گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ  کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، فردوس عاشق اعوان

08:34 PM, 1 Dec, 2020

لاہور : معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ووٹ کو عزت دی۔ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید کو کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ 

 تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ذاتیات کا بیانیہ مسترد کردیا ہے۔ امید ہے خالد خورشید گلگت بلتستان کی ترقی  میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خالد خورشید گلگت بلتستان میں وزیراعظم کا وژن آگے بڑھائیں گے۔

پنجاب حکومت کی کارکردگی کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اداروں کیلئے ڈیجیٹلائز پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب انفارمیشن اکیڈمی کے قیام کیلئے تجویز وزیراعلیٰ کو پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت جدید سہولتوں سے مزین بس ٹرمینل  ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب بنا رہی ہے۔ جس سے  عوام کو سفر سے متعلق تمام سہولتیں فراہم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو 10 دسمبر تک بس ٹرمینل کا ڈیزائن پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مواصلات کا نظام بہتر بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ کے خاتمے کیلئے الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ 

فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ کل ملتان  کے جلسہ کے اختتام پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس آتش بازی کا انتظام ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آتشبازی سے گتے کے ایک گودام میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ آتشزدگی سے پہنچنے والے نقصان پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں