ملتان: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے خاتمے تک ہماری تحریک جاری رہے گی، سلیکٹڈ حکومت کو عوام کو مسترد کر دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بات ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ 8 دسمبر کو اسلام آباد می ہماری تحریک کا سربراہی اجلاس ہوگا، اس اجلاس میں حکومت کیخلاف آئندہ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جلسے پر میں ہمیشہ اہلیان ملتان کا مشکور رہوں گا۔ جلسے کی کامیابی کیلئے گیلانی صاحب کے بچوں نے بہت قربانیاں دیں۔ حکومت کو عوام نظر نہیں آتی تو جلسہ کیسے نظر آئے گا۔ ملتان کے عوام نے سلیکٹڈ کو مسترد کر دیا۔ ہماری نظریں اب لاہور کے جلسے پر ہونگی۔ ہم نے حکومت کے عزائم کو مات دیدی۔ ہم اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں لیکن رکاوٹیں آنے والی رکاوٹیں بھی ہمارے پیش نظر ہیں۔ جدوجہد انسان کی ہوتی ہے لیکن نتیجہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔
ایک اہم موضوع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات ہو رہی ہے، امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ فلسطین کو تسلیم کرانے کی بات کرے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم قیادت کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمیں جلسے کے انعقاد کا موقع دیا۔ اتنی پکڑ دھکڑ کے بعد کہا جا رہا ہے کہ جلسہ ناکام ہوا۔ اتنی پکٹر دھکڑ تو آمر کے دور میں بھی نہیں ہوئی تھی۔ ہم ملتان جلسہ کو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس سے منسوب کیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت کا دہرا معیار اب سمجھ چکے ہیں، ہمارے کارکنوں کی بے جا گرفتاریوں کے بعد اب وزرا کی جانب سے بیانات دیئے جا رہے ہیں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔