لاہور: سوشل میڈیا پر یہ خبریں وائرل ہو رہی ہیں کہ پاکستانی ڈراموں کے مشہور اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ نے گھریلو ناچاقیوں سے تنگ آ کر ایک دوسرے سے اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے دونوں شخصیات کے درمیان علیحدگی بارے چٹ پٹی خبریں لگائی جا رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، اسی وجہ سے کچھ عرصہ قبل ہی دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا تھا۔ بعض صارفین تو یہ بھی کہہ رہے ہیں یہ علیحدگی اب طلاق پر ختم ہو چکی ہے۔ دونوں کے راستے اب جدا ہیں اور اپنی اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین ٹویٹر اور انسٹاگرام پر فیروز خان کو ٹیگ کرکے اس خبر کی تصدیق کرنے کا کہہ رہے ہیں لیکن انہوں نے بھی چپ سادھی ہوئی ہے اور اس کا کوئی جواب نہیں دے رہے، اس لئے ان کے مداحوں کا تجسس اب یقین میں بدلنا شروع ہو گیا ہے۔
اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزے سلطان 2018ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ فیروز خان نے اپنی متعدد پوسٹس میں اپنی اہلیہ کیساتھ بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہوئے انھیں اپنی زندگی قرار دیا تھا۔ دونوں کے ہاں 2019ء میں بچے کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔ اس کے بعد رواں سال ہی فیروز خان نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
فیروز خان نے بطور ڈی جے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم ان کو شہرت مشہور ڈرامہ سیریل '' عشقیہ'' سے حاصل ہوئی جس میں انہوں نے ایک جنونی نوجوان کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی محبت کو پانے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہو جاتا ہے۔ اب ان کی اپنی اہلیہ کے ساتھ علیحدگی یا طلاق کی خبریں درست ہیں یا جھوٹی یہ تو وہ خود ہی بتا سکتے ہیں۔