پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے کردار ادا کرنا میری صوابدید نہیں، چیئرمین آئی سی سی

11:06 AM, 1 Dec, 2020

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نومنتخب چیئرمین گریگ بارکلے نے روایتی حریفوں پاکستان اور ہندوستانی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیل کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔

چیئرمین آئی سی سی نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ سے وابستہ ہر شخص یہ جانتا ہے کہ ہندوستان کرکٹ کونسل کا بڑا رکن ہے لیکن اسے دیگر ممبران کی طرح ہی تصور کیا جاتا ہے۔

پاک بھارت کرکٹ سیریز کے انعقاد بارے بات کرتے ہوئے گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیل میں رکاوٹ کے سیاسی حقائق ہیں لیکن میں روایتی حریفوں کو ایک بار پھر ایک دوسرے کے مدمقابل دیکھنا چاہتا ہوں تاہم اس حوالے سے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں آئی سی سی کے رکن ممالک ہیں، ان دونوں کے درمیان سیریز کا انعقاد بہت اہم ہے۔ اگر ایسا ہو تو یہ تسلسل جاری رہنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گریگ بارکلے کو گزشتہ ماہ ہی آئی سی سی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے۔ ان سے قبل اس عہدے پر ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ششانک منوہر اس عہدے پر براجمان تھے۔

گریگ بارکلے کا تعلق نیوزی لینڈ کے مشہور شہر آکلینڈ سے ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور 2012ء سے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کیساتھ وابستہ ہیں، ان کے پاس چیف ایگزیکٹو کا عہدہ تھا۔

خیال رہے کہ ششانک منوہر کے عہدہ چھوڑنے کے بعد عمران خواجہ قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔ گریگ بارکلے نے عہدہ سنبالھتے ہی کرکٹ کے فروغ کیلئے کچھ مزید کرنے کے عزم کا اظؓہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وبا کے خاتمے کے بعد کرکٹ کے میدان ایک بار پھر بھرپور انداز سے آباد ہونگے۔

مزیدخبریں