پی ڈی ایم جلسے کرکے معیشت اور عوام سے دشمنی کر رہی ہے: سینیٹر فیصل جاوید

10:28 AM, 1 Dec, 2020

اسلام آباد: حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو وبائی صورتحال کے باوجود جلسے کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قومی معیشت اور عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن کو بار بار سمجھاتے رہے کہ ملک میں وبائی صورتحال ہے، اس لئے جلسہ نہ کریں لیکن اپوزیشن رہنما ہٹ دھرمی پر اتر آئے، اگر حکومت کی جانب سے جلسے کو روکنے کی کوشش کی جاتی تو تصادم کا خطرہ تھا۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ میرے خیال کے مطابق پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دینی چاہیے تھی۔ اس سے قبل بھی جلسے ہوئے جن میں اپوزیشن بری طرح ناکام ہوئی۔ اب انھیں لاہور میں آرام سے جلسہ کرنے کی اجازت دے دینی چاہیے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملتان میں گزشتہ روز اپوزیشن کی 11 جماعتیں موجود تھیں لیکن بڑا جلسہ کرنے میں ناکام رہیں۔ اگر انھیں قاسم باغ میں جلسہ کرنے دیا جاتا تو پی ڈی ایم ایکسپوز ہو جاتی۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے بیان میں ملتان جلسے کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتظامیہ اس معاملے کو درست طریقے نہیں نمٹ سکی۔ پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت ملنا چاہیے تھی جبکہ کارکنوں کی گرفتاریاں بھی بلا جواز تھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پی ڈی ایم کو ملتان جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ انتظامیہ قاسم باغ جانے والے تمام راستوں کو رکاوٹیں اور کنٹینرز کھڑے کرکے بلاک کر دیا تھا، اس سلسلے میں اپوزیشن کے متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا، تاہم بعد ازاں پولیس کو ہدایت کی گئی کہ وہ رکاوٹیں ہٹا دیں۔

مزیدخبریں