ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی سنچری بھی کام نہ آئی،آسٹریلیا کے خلاف پاکستان فالو آن کا شکار

01:50 PM, 1 Dec, 2019

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی سنچری بھی کام نہ آئی،آسٹریلیا کے خلاف پاکستان فالو آن کا شکار

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن بابر اعظم اور یاسر شاہ کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود پاکستان فالو آن کا شکار ہوگیا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن جب پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز تھا اور اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا تھا، کریز پر بابر اعظم اور یاسر شاہ موجود تھے۔

ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان کے باقی ماندہ کھلاڑی بھی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جلد ہی پویلین لوٹ جائیں گے لیکن اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 105 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔194 رنز پر پاکستان کو ساتواں نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، بابر اعظم نے 95 رنز بنائے۔ بابر اعظم کے بعد شاہین آفریدی بھی آئے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی چلے گئے۔

محمد عباس نے یاسر شاہ کا ساتھ دینے کی ٹھانی اور وکٹ بچاتے ہوئے یاسر شاہ کو کھیلنے کا موقع دیا۔یاسر شاہ اور محمد عباس نے پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اسی دوران یاسر شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری سکور کی۔

281 رنز پر محمد عباس کی مزاحمت دم توڑ گئی ، وہ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن یاسر شاہ کے ساتھ مل کر انہوں نے 87 قیمتی رنز جوڑے، ان کی شراکت سے یہ ٹاپ آرڈر کو بیٹنک کا بھرپور سبق سکھایا۔عباس کے بعد موسیٰ خان نے یاسر شاہ کا ساتھ دینے کی ٹھانی لیکن 302 رنز پر یاسر شاہ آؤٹ ہوگئے ، انہوں نے 113 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔

بابر اعظم اور یاسر شاہ کی دلکش اننگز کے باوجود پاکستان فالو آن سے بچ نہ سکا اور اسے پہلی اننگز میں 287 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔پاکستان نے فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 287 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو شان مسعود اور امام الحق میدان میں اترے، 2 رنز پر امام الحق اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔واضح رہے کہ دو میچز کی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

مزیدخبریں