لاہور : دورہ جنوبی افریقہ سے پہلے پاکستانی ٹیم کو دوسرا جھٹکا لگ گیا، فاسٹ بولر محمد عباس کے بعد اوپنر فخر زمان بھی ان فٹ ہوگئے، محمد عباس کی جگہ ،محمد عامر کی واپسی کا امکان ہے , دورہ جنوبی افریقہ سے قبل قومی ٹیم کو انجری مسائل کا سامنا ہے، فاسٹ بولر محمد عباس کے بعد اب اوپننگ بیٹسمین فخر زمان بھی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر ان فٹ ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فخر زمان تین سے پانچ ہفتوں تک کھیل سے دور ہوسکتے ہیں ایسے میں اوپننگ بیٹسمین کی جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔موجودہ صورتحال کے بعد نیوزی لینڈ اے کے خلاف سنچری بنانے والے شان مسعود کی واپسی کا امکان ہے، اس حوالے سے پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عباس کی جگہ فاسٹ بولر محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے اور فیصلہ کن ٹیسٹ تین دسمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس کندھے کی انجری کا شکار ہوکر آخری ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں، عباس کے اسکین کی رپورٹ تسلی بخش نہیں آئی ہے، وہ ایک سے چار ماہ تک کرکٹ سے دور ہوسکتے ہیں۔
ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دئیے جانے کا امکان ہے، محمد عباس دبئی ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔