لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ کے بھائی محمد زبیر نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں گروتھ ریٹ چھ فیصد تھی جو موجودہ حکومت میں چار فیصد رہ گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے بھائی محمد زبیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں گروتھ ریٹ چار فیصد رہ گیا ہے جو سابق حکومت کے دور میں چھ فیصد تھا ۔ انھوں نے کہا کہ دو ہزار تیراہ میں کراچی میں دہشتگردی کا راج تھا ، اعلان کیا گیا دوست ممالک سے قرض لیں گے نہ آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے ، حلف اٹھانے کے بعد عمران خان کہتے ہیں قرضہ مانگتے ہوئے شرم آئے گی ۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پہلے سو دن میں ہی سی پیک سے متعلق تمام معاملات فائنل کر دیئے تھے ، ہماری حکومت بنی تو پہلے سو دن میں ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ کراچی میں آپریشن کرنا ہے اور پھر ہم نے شہر کو پرامن بنایا ۔
انھوں نے کہا کہ پہلے سو دن میں ہم تمام مشکل آسان فیصلے کر چکے تھے ، پندرہ روز پہلے وزیر خزانہ نے بیان دیا کہ پاکستان میں بیلنس آف پیمنٹ کا مسئلہ ختم ہو گیا ہے اس کا مطلب تھا کہ پاکستان کے پاس مطلوبہ ڈالر موجود ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ روپیہ گرتا نہیں ، گرایا جاتا ہے ، ہم پوچھتے ہیں عمران خان سے یہ جو گزشتہ روز ہوا یہ کیا ہوا ۔
دنیا کے مستند ادارے ہر روز ن لیگ کی حکومت کو مثبت ریٹنگ دے رہے تھے ، ن لیگ نے ٹیکس وصولیوں کو دو ہزار سے چار ہزار ملین تک پہنچایا ، قرض کے متعلق تحریک انصاف مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہم سول نافرمانی کی کوئی تحریک نہیں چلائیں گے ۔