ڈیم فنڈ میچ،پی سی بی الیون کیخلاف اراکین اسمبلی کی ٹیم کے فواد چودھری صرف ایک رن پر آﺅٹ

01:55 PM, 1 Dec, 2018


اسلام آباد:ڈیم فنڈ کے لئے کھیلے جارہے کرکٹ میچ میں اراکین اسمبلی کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات فوادچودھری پی سی بی الیون کیخلاف صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈیم فنڈ کیلئے اراکین اسمبلی اورپی سی بی الیون کے درمیان میچ کا انعقاد کیا گیا ۔ اپنی شعلہ بیانی اور اپوزیشن پر کڑی تنقید کے حوالے سے مشہور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کرکٹ کے میدان میں کچھ خاص کارکردگی مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف ایک رن ہی بناکر آﺅٹ ہوگئے۔


بیٹنگ کے لیے جانے سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ خوبصورت گراﺅنڈ اور اچھا دن ہے، یہ میچ پانی کیلئے ہو رہا ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت ماحول کو ترجیح دیتی ہے۔


فواد چودھری نے بلند و بانگ دعوے کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹرینز مدمقابل ٹیم کو ہرا دیں گے، میں تو میچ میں تباہی مچا دوں گا اور اپوزیشن کا سارا غصہ یہیں نکلنا ہے، اگر چیف جسٹس صاحب یہاں ہوتے تو ان کو بھی میچ کے لیے بلاتے۔

لیکن اپنے دعوؤں کے برعکس وزیر اطلاعات فواد چودھری صرف ایک رن بناکر آﺅٹ ہوئے۔فواد چودھری کے علاوہ زلفی بخاری،شہریار آفریدی اور دیگر اراکین اسمبلی بھی میچ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ پی سی بی الیون کی جانب سے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر ان ایکشن ہیں۔

مزیدخبریں