لاہور: مرغی اور انڈے پر سوشل میڈیا پر گرم بحث کے ردعمل میں وزیراعظم عمران خان نے بھی خاموشی توڑ دی۔سوشل میڈیا پرایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب دیسی مرغیوں سے غربت مٹانے کی بات کریں تو غلامانہ ذہنیت رکھنے والے تمسخر اڑاتے ہیں اور جب یہ ہی کام ولایتی دیسی مرغی اور غربت کی بات کریں تو خوب واہ، واہ کرتے ہیں۔
انہوں نے ساتھ ہی دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کی وہ رپورٹ بھی شیئر کی جس میں غربت مٹانے کے طریقے کی تفصیل بتائی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق 2016 میں مائیکرو سافٹ کے مالک اور انسان دوست ارب پتی بل گیٹس نے افریقہ میں غریب خاندانوں کو مدد دینے کے لیے ایک لاکھ مرغیاں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ مرغیوں کو پالنے اور بیچنے سے غربت کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ایک کاشت کار پانچ مرغیاں پال کر سالانہ 1000 ڈالر کما سکتا ہے جن خاندانوں کی سالانہ آمدن 700 ڈالر سے کم ہو انھیں خط غربت سے نیچے تصور کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ سب صحارا کے 30 فیصد دیہی خاندانوں کو اچھی نسل کی ایسی مرغیاں مہیا کرنا چاہتے ہیں جنھیں بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگے ہوئے ہوں گے۔