لاہور: کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر اشتیاق کا کہنا ہے کہ علیمہ خان نے دبئی کے فلیٹ پر ایمنسٹی نہیں لی میڈیا میں اس متعلق غلط رپورٹ دی جا رہی ہیں۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بیرون ملک اثاثوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت میں کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر اشتیاق نے بتایا کہ فلیٹ ڈیکلیئر نہ کرنے پرعلیمہ خان کو فروری 2018 میں نوٹس دیا گیا۔ انہوں نے بینک سے قرض لے کر فلیٹ لیا جو کرائے کے ذریعے ادا کیا گیا اور قرض کی ادائیگی کے بعد فلیٹ بیچ دیا گیا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ علیمہ خان کے خلاف کارروائی کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ 6 دسمبر کو اسلام آباد میں اس کیس کو سُنیں گے۔