ترکش ائیرلائن کے پائلٹ کا دوران پرواز اپنے استاد کو شاندار خراج تحسین

12:58 AM, 1 Dec, 2018

انقرہ :کسی بھی انسان کی زندگی کو سنوارنے میں استاد کا ایک اہم کردار ہوتا ہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ زندگی میں کسی مقام پر استاد سے سامنا ہونے پر انسان اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتا، ایسا ہی کچھ ترکش ائیرلائن کے ایک پائلٹ نے بھی کیا، جس سے دیکھنے والوں کے لبوں پر مسکراہٹ اور آنکھوں میں نمی آگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ترکش ائیرلائن کے ایک پائلٹ نے دوران پرواز اپنے استاد کو انوکھے انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔دوران پرواز جب پائلٹ کو معلوم ہوا کہ اسی پرواز میں ان کے استاد بھی سفر کر رہے ہیں تو اس نے اپنے ٹیچر کا شکریہ ادا کرنے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا اہتمام کیا۔

پائلٹ نے جہاز کے عملے کو گلدستہ دے کر استاد کی نشست پر بھیجا اور خود کاک پٹ سے مائیک پر ان کو مخاطب کرکے شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اپنی کامیابی کا سارا کریڈٹ بھی انہیں دیا۔اپنے طالب علم کی جانب سے تشکر کا اظہار سن کر استاد تو آب دیدہ ہوئے ہی، جہاز میں موجود دیگر مسافر بھی جذباتی نظر آئے۔

جس کے بعد جہاز کے عملے نے پائلٹ کے استاد کو گلدستہ پیش کرکے ان کا ہاتھ چوم کر مصافحہ کیا ، آخر میں پائلٹ خود بھی استاد کے پاس آئے اور ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں