مکہ : مکہ مکرمہ جیل خانہ جات کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ایک گمنام مخیر شخصیت نے 35لاکھ ریال کے قرضے جیب خاص سے ادا کر کے 79قیدیوں کو رہا کرا دیا۔ قرضے ادا نہ کر سکنے کے باعث 79مقامی شہری جیل میں قید و بند کی زندگی گزار رہے تھے۔
رہائی کے سلسلے میں انسانی حقوق کی قومی انجمن کے نگران سلیمان الزایدی انجمن کے قانونی اسکالر عبداللہ ماہر بن فاضل اور الایتام فلاحی انجمن کے ڈائریکٹر جنرل رداد الثمالی نے اہم کردار اد ا کیا۔
دوسری جانب محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر کرنل صالح القحطانی نے بتایا کہ مکہ اصلاح خانے میں حقوق ادا نہ کرنے کے باعث زیر حراست افراد کے ساتھ بھی انتہائی انسانیت نواز معاملہ کیا جا رہا ہے۔
القحطانی نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات کا نصب العین قیدیوں کی اصلاح اور انہیں معاشرے کا صالح فرد بنانا ہے۔ کوشش کی جاتی ہے کہ قیدی جیل خانے سے نکل کر نہ صرف یہ کہ اپنی مدد آپ کرے بلکہ دوسروں کا بھی سہارا بنے۔ اصلاح خانے کے عہدیدار اس سلسلے میں اپنا فرض احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔