ممبئی : بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ دیپیکا پاڈوکون سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم ” پدماوتی “ میں 400 دیوں کی روشنی میں جھومر ڈانس پیش کریں گی جبکہ انہوں نے یہ ڈانس سیکھنے کیلئے ڈیڑھ مہینے کی سخت ترین تربیت بھی حاصل کی ہے۔
جب حقیقت سے بھی بڑھ کر فلم بنانے کی بات ہوتی ہے تو ہمارے ذہن میں صرف ایک ہی نام سنجے لیلا بھنسالی آتا ہے۔ خواہ فلم دیوداس ہو ، ہم دل دے چکے صنم ، رام لیلا یا باجی راو مستانی ہو ، جس طریقے سے سنجے لیلا بھنسالی فلم کے ہر ہر پہلو کو اجاگر کرتے ہیں وہ قابل تحسین ہے، وہ فلم کے ہر فریم کو حقیقت سے بڑھ کر پیش کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔
سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی نئی فلم ” پدما وتی“ کی راجستھان میں شوٹنگ شروع کردی ہے جبکہ فلم میں دیپیکا پاڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور کا م کر رہے ہیں۔ فلم میں شامل ایک گانے کی شوٹنگ کیلئے چتور گڑھ کا قلعہ بک کرالیا گیا ہے ۔ قلعے میں 40 دن کی محنت سے 100 لوگوں نے گانے کا سیٹ بھی تیار کرلیا ہے۔ پدماوتی فلم میں آئٹم سانگ کے طور پر جھومر ڈانس کو شامل کیا گیا ہے، گانے کیلئے دیواروں پر راجستھانی تصویریں استعمال کی گئی ہیں جبکہ روشنی کیلئے 400 دیے روشن کیے گئے ہیں ۔
دوسری جانب قدموں کے درست استعمال کیلئے فلم کی ہیروئن دیپیکا پاڈوکون نے ڈیڑھ مہینے تک جھومر ڈانس کی تربیت حاصل کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیپیکا پاڈوکون 400 دیوں کے درمیان جھومر ڈانس پیش کریں گی جبکہ اس دوران ان کے ارد گرد آگ کے مختلف کرتب بھی پیش کیے جا رہے ہوں گے۔