کراچی: یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں دوسال قبل یو بی جی نے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف مالی بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا بلکہ جاری مالی معاملات بہتر بنائے،ہمارے پہلے دونوں صدور میاں ادریس اور عبدالرئوف عالم کی طرح زبیر طفیل بھی یو بی جی کے نامزد تیسرے صدر کی حیثیت سے فیڈریشن چیمبرپر بوجھ بننے کے بجائے اس کے استحکام اور بزنس کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں کام کریں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ شب آل پاکستان موٹرسائیکل اسپیئرپارٹس امپورٹر ڈیلرزایسوسی ایشن(ماسپیڈا) کے صدر اورکرائون گروپ کے چیئرمین فرحان حنیف کی جانب سے ایف پی سی سی آئی الیکشن میں حصہ لینے والے یونائٹیڈ بزنس گروپ کے امیدواروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب سے یو بی جی کے صدارتی امیدوارزبیرطفیل،سینئرنائب صدارت کے امیدوار عامر عطا باجوہ،ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر خالدتواب،سینیٹر عبدالحسیب خان،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز،عبدالسمیع خان،حنیف گوہر،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،فریدہ قریشی،سعیدہ بانو اور میزبان فرحان حنیف نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں نائب صدارت کے امیدوار منظورملک،عطاالرحمان،اشتیاق بیگ اورعرفان سروانہ،نقی باڑی،اکبرعبداللہ،دائود عثمان جھکورا،آتم پرکاش،شکیل ڈھینگڑا،ندیم صدیقی،کاشف قسیم،شہزادمبین اور دیگر بھی موجود تھے۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ فرحا ن حنیف اوردیگر نوجوان یوبی جی کا مستقبل ہیں اور ہمارے گروپ کا قافلہ بڑھتاجارہا ہے،میں پہلے بزنس لیڈر ہوں باقی تمام حیثیت اس کے بعد ہیں،جن لوگوں کو مجھ سے تکلیف ہے میں انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنی تکلیف کا علاج کرالیں کیونکہ30دسمبرکی رات انہیں شکست کا جھٹکا لگنے والا ہے،فیڈریشن میں مجموعی ووٹوں کی تعداد 332ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ مخالف گروپ فیڈریشن کا الیکشن ریپ کے333ووٹوں کے ساتھ لڑرہا ہو۔انہوں نے یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہم سب سے زیادہ کام کرتے ہیں ،وہ ایک دیانتدار انسان ہیںاورفیڈریشن الیکشن کے حوالے سے پنجاب میں انکی گرفت مضبوط ہے ۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ حکو مت صرف ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے ہی نہیں بلکہ تمام انڈسٹری کیلئے پیکج کا اعلان کرے ۔ایف پی سی سی آئی میں صدارتی منصب کیلئے امیدوار زبیرطفیل نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے یو بی جی کی قیادت گزشتہ دوسال سے بھرپور جدوجہد کررہی ہے اور ہم نے حکومت بزنس کمیونٹی کے بہتر مفاد میںکو ہمیشہ مثبت تجاویز دیں،ہماری سی پیک پر مکمل توجہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ حکومت نے جتنے عرصے کیلئے چائنا کی کمپنیوں کو ٹیکسز کی چھوٹ دی ہے اسی طرح پاکستانی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو بھی ہرسطح پراتنے ہی سال کی ٹیکس چھوٹ دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے ہم سے ٹیکسٹائل پیکج دینے کا وعدہ کیا تھا کہ اور قوی امید ہے کہ ٹیکسٹائل پیکج کا اعلان 15دسمبر کو اسلام آباد میں ایف پی سی سی آئی کی ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں کیا جائے گا۔ سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ یو بی جی کی پوزیشن فیڈریشن الیکشن میں انتہائی مضبوط ہے،ہمارے امیدوار جیت چکے ہیں اور یہ بات مخالف گروپ اچھی طرح سے سمجھ چکا ہے لیکن چونکہ انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں اس لئے اس لئے ہم بھی انتخابی میٹنگز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ2017بہت خوفناک سال ہے،یورپ نے اپنے آپ کو یورپی یونین بلاک سے نکال لیا ہے جس کے اثرات سامنے آئیں گے،سی پیک کوئی معمولی منصوبہ نہیں ،سی پیک میں جو صنعتی زونز بن رہے ہیں سوایہ یہ ہے کہ کیاوہاں مزدور بھی چائنا سے آئیں گے اور کیا انہیں آزاد چھوڑ دیا جائے،سی پیک میں پاکستان کا کتنا حصہ ہوگا،2017کے ان چیلنجز پر زبیر طفیل کو فیڈریشن کے صدر منتخب ہوکر اپنی نئی ٹیم کے ساتھ ان تمام باتوں پر گہری نظر رکھنا ہوگی۔سینئرنائب صدر کے امیدوار عامرعطا باجوہ نے کہا کہ مجھے میری قیادت نے بغیر کسی سفارش پر امیدوار نامزد کیا،انجم نثار نے دوسال پہلے صدر کا انتخاب لڑا اور ناکام ہوئے اب وہ ایک سیڑھی نیچے آکر سینئرنائب صدر کا الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن پنجاب کے پانچوں ڈویژن میں چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کو اکثریت حاصل ہے اور30دسمبر کو یوبی جی کے سامنے مخالف امیدوار معلق ہوجائیں گے۔
ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر خالدتواب نے کہا کہ جواکا دکا لوگ یو بی جی کوخیرباد کہہ گئے ہیں انہیں30دسمبر کو اپنے اس فیصلے پرپچھتانا پڑے گا۔گلزار فیروز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کا سونامی مخالف گروپ کے امیدواروں کو بہا لے جائے گا،افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر کی قیادت میں یو بی جی ایف پی سی سی آئی میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گا۔