فرانس کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فرو غ دینے کی خواہش

فرانس کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فرو غ دینے کی خواہش

کراچی:کراچی میں تعینات فرانس کے قونصل جنرل فرانکوئس ڈل اورسو نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن( پی سی ڈی ایم اے) کے ممبرز درآمد کنندگان کو فرانس کے دورے کی دعوت دی ہے اور دونوں ملکوںکے تاجروں میں روابط بڑھانے اور تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین ناصر فتح ککڈا کی تجارتی وفود کے تبادلے سے متعلق تجویز کوسراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ فرانس کا دورہ کرنے کے خواہش مند پاکستانی تجارتی وفودکو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پی سی ڈی ایم اے کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین سہیل اشرف وہرہ،سابق چیئرمین خواجہ عارف کپور، چوہدری نصیر،عارف بالاگام والا، ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین و دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

قونصل جنرل نے کہاکہ فرانس کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے اور فرانسیسی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کرنے کے لیے بیرونی دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر بناناہو گا کیونکہ فرانس کے تاجر یہاں آنے سے ڈرتے ہیں، تاہم وہ ذاتی کوششوں سے دونوں ممالک کی تاجربرادری کو قریب لانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوںنے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز کے درآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ فرانس میں کیمیکلز اینڈ ڈائز سے متعلق کاروباری مواقعوں کا جائزہ لیں تاکہ مشترکہ شراکت داری اور کاروبار کی راہیں ہموار ہوسکیں۔

انہوں نے پی سی ڈی ایم اے ممبران کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے کے اجراء اور فرانس کے تاجروں سے روابط میں تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن( پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین ناصر فتح ککڈا نے قونصل جنرل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے دیرینہ تعلقات قائم ہیں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع اور منافع بخش مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان ایک بڑی اور پرکشش مارکیٹ ہے خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 1.5ارب یورو ہے جو دستیاب مواقعوں کے مطابق بہت کم ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش ہے۔پاکستان کی فرانس کے لیے برآمدات405.3ملین ڈالر ہیں تاہم ایک دوسرے کے ملکوں میں تجارتی وفود کے تبادلے، سیمینار کے انعقاد اور معلومات فراہم کرنے سے یقینی طور پر دوطرفہ تجارت کو خاطر خواہ فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے اس موقع پر ایسوسی ایشن کے ممبرز درآمد کنندگان کی جانب سے فرانس کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا اور پی سی ڈی ایم اے ممبران کو ترجیحی بنیاد پر ویزے کے اجراء کی بھی درخواست کی جس کے جواب میں فرانسیسی قونصل جنرل نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

مصنف کے بارے میں