نئی دہلی(: ہندوستان میں مودی حکومت نے 500اور ایک ہزار کے نوٹوں کی بند ش کے بعد ایک نیا حکم جاری کرتے ہوئے شادی شدہ اور کنواری خواتین کے لئے سونا رکھنے کی بھی حد بندی کر دی ہے ، مقررہ حد سے سونے کے زیادہ زیورات رکھنے والی خواتین کو بھاری ٹیکس ادا کرنا پڑے گا ۔
بھارتی نجی چینل کے مطابق انڈین وزارت خزانہ نے سونا رکھنے کی حد متعین کر دی ہے، اب شادی شدہ خواتین 500 گرام سونا جبکہ کنواری اور غیر شادی شدہ خواتین 250گرام سونے کے زیورات ہی رکھ سکتی ہیں،حکومت کی مقررہ حد سے زیادہ سونے کے زیورات رکھنے والی خواتین کو ٹیکس ادا کرنا پڑے گا جبکہ آبائی زیورات پر ٹیکس نہیں لگے گا۔مودی حکومت کی جانب سے سونے کے زیورات پر عائد پابندیوں اور مشروط ٹیکس کے بعد بھارتی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور پچھلے 6ماہ کی کم ترین سطح پر قیمت پہنچ گئی ہے ۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں پر بھی شکنجہ کستے ہوئے صرف 100گرام تک سونے کے زیورات رکھنے پر ٹیکس ادا کرنے سے آزادی جبکہ اس سے زیادہ زیورات پر مودی سرکار کو ٹیکس ادا کرنا ہو گا ،دوسری طرف مودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص اپنی ٹیکس شدہ اور اعلانیہ آمدنی سے سونے کی جیولری خریدے گا اسے بھی ٹیکس ادا نہیں کر نا پڑے گا ۔بھارتی حکومت کی طرف سے نظر ثانی قانون کے تحت اگر کسی شخص کے پاس حکومت کی طرف سے مقررہ حد سے زیادہ غیر اعلانیہ سونا پایا گیا تو اسے ضبط کر لیا جائے گا۔
وہیں، اگر آپ غیر اعلانیہ سونے کی تفصیلات دے دیتے ہیں تو آپ ٹیکس دے کر اپنا سونا بچا سکتے ہیں۔