بھارت سے سیریز کی بھیک نہیں مانگیں گے ،مصباح کا متبادل عماد ہو سکتا ہے : شہریار

08:36 PM, 1 Dec, 2016

اسلام آباد : چیئرمین پی سی بی شہریارخان کا کہنا ہے کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کی نظر نہ کرے، بھارت نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی ہے۔سیریز کے لیے بھارت سے بھیک نہیں مانگیں گے۔مصباح الحق کے متبادل عماد وسیم بھی ہوسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ  بھارت سے معاہدہ پر دو ٹوک بات کریں گے، ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان ٹھوس موقف اختیار کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے اعتراف کیا کہ ماضی میں پاکستان نے بھارت کیساتھ سیریز کھیلنے کی شرط پر بگ تھری کی حمایت کی لیکن بھارت اس سے مکر گیا بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔

شہریار خان نے مزید کہا کہ مصباح الحق اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلے کیلئے آزاد ہیں تاہم پی سی بی 2018 تک کپتانی جاری رکھنے کی تجویز دے چکی ہے، وہ شاندار فٹنس کی بدولت اگلے چند سالوں تک بین الاقوامی کرکٹ باآسانی کھیل سکتے ہیں، وہ تحمل مزاج ، تعلیم یافتہ اور ذہین ہیں، مصباح کے متبادل کے طور پر چند نام ہیں ۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اظہرعلی اور سرفراز احمد دونوں اچھے ہیں لیکن یہ جب بھی قیادت کرتے ہیں ان کی بیٹنگ خراب ہوتی ہے آل رائونڈر عماد وسیم بھی امیدوار ہوسکتے ہیں۔

مزیدخبریں