ڈھاکہ: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ویسٹ انڈین باولر کیون کوپر اور بنگلہ دیشی باولر عرفات سنی کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا ہے۔28 نومبر کو راج شاہی کنگز کے خلاف میچ کے 19ویں اوور کی پہلی گیند پر رنگپور رائیڈرز کے عرفات سنی کے ایکشن پر شکوک کا اظہار کیا گیا۔
کھلنا ٹائٹنز کی نمائندگی کرنے والے کیون کوپر کی ویڈیو فوٹیج ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کو بھیج دی گئی ہے۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی تکنیکی کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے بتایا کہ گزشتہ میچ میں عرفات سنی کا بالنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا ہے اور ایونٹ کے اختتام پر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ تکنیکی کمیٹی ان کے ایکشن کا جائزہ لے گی۔
یاد رہے کہ رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں عرفات سنی کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا تھا اور انہیں مشکوک بالنگ ایکشن کے سبب معطل کردیا گیا تھا لیکن 23ستمبر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایکشن کلیئر کرتے ہوئے بالنگ کی اجازت دے دی تھی۔
آئی سی سی کی جانب سے تسکین احمد اور عرفات سنی کو مشکوک بالنگ ایکشن کے سبب معطل کیے جانے کے عبد بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے بالرز کے ایکشن کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی تھی جس کے بعد ڈھاکا پریمیئر لیگ میں پانچ بالرز کے ایکشن غیرقانونی قرار پائے تھے۔