بھارت کا اسرائیل کی مدد سے پاکستان کی سرحد پر سمارٹ باڑ لگانے کا فیصلہ

07:57 PM, 1 Dec, 2016

نئی دہلی: بی ایس ایف  کے ڈی جی کے کے شرما نے کہا ہے کہ  بھارت اسرائیل کی مدد سے  آئندہ سال پاکستان اور بنگلہ دیش سے متصل سرحدوں پر کئی تہوں پر مشتمل سمارٹ باڑ لگائے گا۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق کے کے شرما کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے پابندیوں کے بعد بی ایس ایف سرحدی نگرانی کے جامع انتظام (سی آئی بی ایم ایس) پر عملدارآمد کے لیے کام کر رہے ہیں۔

کے کے شرما نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اسرائیل سے ٹیکنالوجی حاصل کی جائے گی، جبکہ ایلیٹ انڈین ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹس بھی اس حوالے سے کام کررہے ہیں۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کی سرحدوں پر معمول کے گشت کے نظام کی جگہ فوری حرکت میں آنے والی ٹیم کو لایا جائے گا جو کہ راڈارز کے ذریعے کسی بھی دراندازی کے بارے میں معلوم ہونے پر فوراً حملہ کرے گی۔

بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ ’اس نظام کو آئندہ سال کے آخری حصے میں نصب کیے جانے کا امکان ہے، اس مقصد کے لیے تربیتی منصوبے جن میں سے دو جموں، ایک ایک پنجاب اور گجرات میں پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ایک منصوبہ آسام کے دھوبری علاقے میں شروع کیا جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کا مقصد ملک کی سب سے بڑی بارڈر فورس میں جدت لانا ہے۔ ان کے بقول: ’بطور انسان ہم میں کمزوریاں ہو سکتی ہیں لیکن آلات اور گیجٹس ہماری قوت میں اضافہ کرنے کا کردار ادا کرتے ہیں۔‘

ڈی جی شرما نے وضاحت کی کہ اس نظام کے فنکشنل ہونے کے بعد ہمیں لیزر باڑ، نگرانی کرنے والے راڈار، سیٹالائٹ سے تصاویر اور تھرمل گیجٹس سے مدد حاصل ہو گی۔

مزیدخبریں