بھارت میں ہونیوالے کسی ہاکی ایونٹ میں شرکت نہیں کرینگے: پاکستان

07:12 PM, 1 Dec, 2016

اسلام آباد : پاکستانی جونئیر ہاکی ٹیم کو ویزا دینے سے انکار پر پاکستان نے آئندہ بھارت میں ہونے والے کسی بھی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیئے ویزا  دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈیریشن نے  ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کرتے ہوئے ملائیشین ٹیم کو ایونٹ میں شامل کرلیا۔

اس پر پاکستانی ہاکی فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آئندہ  بھارت میں ہونے والے ہاکی کے کسی بھی ایونٹ میں قومی ٹیم کو نہیں بھیجے گی۔اس حوالے سیکیریٹری ہاکی فیڈریشن شہباز سینیئرکا کہنا ہے کہ  ہم نے 24 اکتوبر کو ہی کھلاڑیوں کے ویزے کی درخواست بھارتی سفارت خانے میں جمع کرادی تھی تاہم مقررہ وقت تک ویزا نہ ملنے کی وجہ سے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ سے ہی باہر نکال دیا گیا۔

انہوں نے انٹرنیشنل اور ایشین اولمپک فیڈریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بھارت کو ہاکی کے کسی بھی ایونٹ کی میزبانی نہ دی جائے کیونکہ بھارت کے امتیازی سلوک کی وجہ سے نہ صرف پاکستان ہاکی اور نوجوان کھلاڑیوں کانقصان ہورہا ہے بلکہ یہ ہاکی کے کھیل کے لیے بھی ٹھیک نہیں۔

مزیدخبریں