نئی دہلی :کرکٹ میں جارحانہ انداز اپنانے والے بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ اب زندگی کے نئے سفر پر چل پڑے ہیں۔بھارتی ٹیم کے بلے باز یوراج سنگھ ٹیم میں جگہ نہ بنا پانے کے باعث واپسی کے لئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں لیکن وہیں انہوں نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا بھی آغاز کردیا اور برطانوی ماڈل ہیزل کیچ کو زندگی کا ہمسفر بنالیا۔
شادی کی تقریب چندی گڑھ میں ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں کے علاوہ کرکٹ اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
کرکٹر کی شادی کی طویل تقریبات کا سلسلہ تو جاری ہے لیکن ایک بڑی تقریب کا انعقاد 7 دسمبر کو ہوگا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
امید ظاہر کی جارہی ہے کہ 7 دسمبر کو ہونے والی تقریب میں بالی ووڈ دبنگ سلمان خان بھی شرکت کریں گے کیوں کہ یوراج سنگھ کی شریک حیات ان کے ساتھ فلم میں کردار ادا کرچکی ہے جب کہ دیگر شوبز شخصیات میں عامر خان، شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن کی آمد بھی متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یوراج کی شادی کی ایک تقریب کا انعقاد گوا میں بھی کیا جائے گا جو 2 دسمبر کو ہوگی جس میں سیاست دانوں کے علاوہ، بالی ووڈ اور دیگر شعبو ں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔واضح رہے کہ 29 سالہ ماڈل ہیزل کیچ بھارتی فلم بلا اور باڈی گارڈ میں بھی مختصر کردار ادا کرچکی ہیں اور گاڑیوں کی مشہور کمپنی کے اشتہار میں بھی کام کرچکی ہیں ۔