اسماعیل ہانیہ کی شہادت، حکومت کا کل یوم سوگ منانے کا اعلان

اسماعیل ہانیہ کی شہادت، حکومت کا کل یوم سوگ منانے کا اعلان

اسلام آباد: اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی وجہ سے  حکومت پاکستان نے  کل یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔  حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر حکومت نے کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے، قومی اسمبلی میں ایک خصوصی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس  اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینئر نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

شرکاء نے اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔ اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیل کے ریاستی ظلم کو امت مسلمہ کے لیے المیہ قرار دیا۔

مصنف کے بارے میں