ایچ آئی وی  وائرس کی روک تھام،امریکی دوا ساز کمپنی کا تجربہ کامیاب

 ایچ آئی وی  وائرس کی روک تھام،امریکی دوا ساز کمپنی کا تجربہ کامیاب

کیلیفورنیا:ایچ آئی وی  وائرس کی روک تھام کے لیے امریکی دوا ساز کمپنی کا تجربہ کامیاب  ہوگیا۔ یہ تجربہ ابتدائی طور پر خواتین پر کیاگیا ہے اور دوا ساز کمپنی کے مطابق کامیاب ہوا ہے۔  تاہم اب یہ تجربہ مردوں  پر بھی کیاجائے گا۔

دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکی دوا ساز کمپنی کی جانب سے ایچ آئی وی وائرس کے لیے بنائی گئی ’سن لینکا‘ نامی ویکسین کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

مذکورہ تحقیق کے لیے امریکی طبی ماہرین نے افریقہ میں 16 سے 25 سال کی عمر کی خواتین اور لڑکیوں کو دو گروپس میں تقسیم کیا۔

ایک گروپ کو ایچ آئی وی سے تحفظ کی یومیہ گولیاں دی گئیں جبکہ دوسرا گروپ، جس میں 5 ہزار خواتین اور لڑکیاں شامل تھیں، کو سال میں دو بار مذکورہ انجکشن لگایا گیا اور انہیں اپنے ساتھیوں سے جنسی تعلق بھی قائم کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

تحقیق کے اختتام پر معلوم ہوا کہ جن خواتین اور لڑکیوں کو سال میں دو بار انجکشن لگائے گئے تھے، ان میں سے کسی بھی لڑکی کو ایچ آئی نہیں ہوا جبکہ جن کو یومیہ گولیاں دی گئی تھیں، ان میں سے دو فیصد لڑکیوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی۔یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایچ آئی وی سے تحفظ کی یومیہ گولیوں کے مقابلے میں سالانہ دو بار انجکشن لگوانے سے خواتین اور لڑکیاں ایچ آئی وی سے محفوظ رہتی ہیں۔یہاں یہ واضح رہے کہ مذکورہ ویکسین کے دو ڈوز 40 ہزار امریکی ڈالرز ہیں۔