لاہور:بنگلہ دیش سیریز سے قبل سکیورٹی وفد پاکستان بھیجے گا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ کے لیے 17 اگست کو اسلام آباد آئے گی، میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
پی سی بی حکام کاکہنا ہے کہ ٹیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری پاکستان کا کام ہے، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سکیورٹی کے حوالے سے
پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کیلئے 3 الگ الگ اسکواڈز کیلئے 2 کپتانوں کا اعلان کردیاہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بنگال ٹائیگرز کے اوپنر انعام الحق بیجوئے کو پاکستان کیخلاف 2 چار روزہ میچز کی سیریز کیلئے بنگلادیش اے جبکہ توحید ہردوئے کو تین ایک روزہ میچز کی سیریز کیلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
قبل ازیں بنگال بورڈ نے دونوں سیریز کیلئے سکواڈز کا اعلان کیا تھا تاہم کپتانوں کے حوالے سے باضابطہ طور پر آج آگاہ کیا گیا ہے۔
انعام الحق بیجوئے نے بنگلادیش کی 5 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کرتے ہوئے 44.18 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ کیرئیر بھی شاندار ہے۔اسی طرح مارچ 2023 میں ڈیبیو کرنے والے توحید ہردوئے وائٹ بال ٹیمز میں بنگلادیش کی نمائندگی کرچکے ہیں۔