تہران : اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ  ادا ، جسد خاکی آج قطر لے جایا جائے گا

تہران : اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ  ادا ، جسد خاکی آج قطر لے جایا جائے گا

تہران : اسرائیل کے میزائل حملے میں شہید ہونے والے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی نماز جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی جس کے بعد جسد خاکی آج قطر لے جایا جائے گا، وہاں جمعہ کو  نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا۔

اسماعیل ہانیہ کی نماز جنازہ تہران کے فلسطین اسکوائر پر ادا کی گئی، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں خواتین سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جب کہ اسماعیل ہنیہ کے جنازے کو  ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی جیسا پروٹوکول دیا گیا۔

خیال رہے کہ اسماعیل ہنیہ کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید کیا گیا ہے۔ اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے، ان کی قیام گاہ پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا گیا۔


فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہنیہ حماس کے سیاسی سربراہ اور حماس کے پولیٹیکل بیورو کے چیئرمین تھے، 2017 میں انہیں خالد مشعال کی جگہ حماس کا سیاسی سربراہ مقرر کیا گیا، وہ 2023 سے قطر میں قیام پذیر تھے۔

 پاکستان سمیت متعدد ممالک میں گزشتہ روز اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے آج بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔