لاہور سمیت  پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں، بجلی کا نظام درہم برہم

لاہور سمیت  پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں، بجلی کا نظام درہم برہم

لاہور: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ 

لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

 بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر  ہوا جبکہ ہے جب کہ لیسکو  کے 288فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ترجمان لیسکو  کے مطابق فیلڈ اسٹاف کی جانب سے بجلی بحالی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

لاہور میں بارش سے گجومتہ بابا بلے شاہ انٹر چینج گاؤں گھر میں ٹی آر گارڈر کی چھت گر گئی جب کہ  نشاط کالونی میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا ۔شیخوپور  میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گرگئی جس میں کئی شہری زخمی ہوگئے۔

واسا کے مطابق 44 سالوں میں آج سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ  پر  357  ملی میٹر جب کہ نشتر ٹاؤن میں 299  ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لکشمی چوک میں 211، تاجپورہ میں 240 اورجوہر ٹاؤن میں 270ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے،  جب کہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔ جس کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔