خودکش حملوں میں افغان شہری ملوث : وزیر اعظم اور آرمی چیف کو دورہ پشاور  میں بریفنگ

خودکش حملوں میں افغان شہری ملوث : وزیر اعظم اور آرمی چیف کو دورہ پشاور  میں بریفنگ

 پشاور: وزیراعظم شہباز شریف اور  آرمی چیف      جنرل عاصم منیر  نے   پشاور کا دورہ کیا  ۔ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ۔سکیورٹی صورتحال پر بریف کیاگیا کہ خودکش حملوں میں افغان شہری ملوث ہیں۔  سول اور ملٹری قیادت کو خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال، خار خودکش دھماکے، دہشت گردوں اور سہولت کاروں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

کور کمانڈر پشاور نے وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کا پشاور پہنچنے پر استقبال کیا۔وزیر اعظم نے خودکش دھماکوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے، سرحد پار سے معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور پاکستان دشمن عناصر کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔وزیراعظم نے زخمی افراد کو خار سے پشاور منتقل کرنے کے لیے پاک آرمی کی ہنگامی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف نے زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا اور ان سے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو مکمل صحت یابی تک علاج و معالجے کی ہر بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے خار خودکش دھماکے کے متاثرین کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اور ان کے نقصان میں برابر کی شریک ہے۔


وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔

مصنف کے بارے میں