توشہ خانہ کے تحائف میں نے نہیں ملٹری سیکرٹری بریگیڈئیر وسیم چیمہ نے فروخت کیے: عمران خان کا جج کے سامنے بیان

توشہ خانہ کے تحائف میں نے نہیں ملٹری سیکرٹری بریگیڈئیر وسیم چیمہ نے فروخت کیے: عمران خان کا جج کے سامنے بیان

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی نے حلف پر بیان دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی طرف سے شواہد عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہوں گا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 35 سوالات پر مبنی 342 کا بیان عدالت میں ریکارڈ کرا دیا۔

توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے عدالت کے سامنے حلف پر بیان دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے شواہد عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہوں گا۔

جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ میں سوالات سنا رہا ہوں، جوابات دینا چاہیں تو دیں۔ جج نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو روسٹرم پر پیش کریں، عدالت سوالات آپ کو پڑھ کر سنائے گی، باقی آپ کی مرضی۔

جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ کیا آپ نے شکایت کنندہ کے الزامات پڑھے؟

چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ شکایت کنندہ کے بیانات نہیں سنے، یہ میری موجودگی میں ریکارڈ نہیں ہوئے، میری موجودگی میں فرد جرم عائد نہیں کی گئی، مجھے فرد جرم پڑھ کر نہیں سنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کیس میں کسی کو نمائندہ مقرر کیا ہی نہیں، سیشن عدالت نے خود ہی میرا نمائندہ مقرر کر دیا، سیشن عدالت نے میرا نمائندہ مقرر کر کے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے، میں نے نمائندہ مقرر کرنے کی کوئی درخواست جمع نہیں کرائی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ جاری کرنے کے بعد نجی بینک کا ریکارڈ طلب کیا، مجھ سے الیکشن کمیشن نے کبھی نجی بینک سے متعلق تفصیلات پوچھی ہی نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ نجی بینک سے متعلق ریکارڈ بنانے والا فرد بطور گواہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، گواہ نے کہا کہ نجی بینک کا ریکارڈ کمپیوٹر سے نکالا گیا، بعد میں گواہ نے کہا مجھے معلوم نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ دائر جواب میں نہیں کہا 58 ملین روپے نجی بینک میں جمع کرائے، قانون میں نہیں لکھا کہ تحائف کے نام جمع کرائے جائیں، الیکشن کمیشن کے فارم بی میں تحائف کے نام لکھنے کا کالم موجود ہی نہیں، لسٹ بناتے وقت تحائف کی تفصیلات نہیں بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ لسٹ بناتے وقت کسی نے تحائف کی مالیت کی تفصیلات بھی نہیں بنائیں، گواہان نے تحائف کی مالیت کا چالان بھی عدالت میں جمع نہیں کرایا، تحائف سے متعلق دستاویزات بناتے وقت مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا، اتنا کہوں گا تحائف سے متعلق دستاویزات کو سوالنامے میں نہیں لکھا جا سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گواہ مصدق انور کا عہدہ بھی نہیں لکھا گیا، گواہان کو آخری لمحے پر میرے خلاف بطور گواہ سامنے لایا گیا، گواہان کو میرے خلاف جھوٹا بیان دینے کے لیے لایا گیا، اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ گواہان میرے خلاف جھوٹا بیان دیں، 14 ماہ سے پی ڈی ایم مجھے انتخابات سے باہر کرنا چاہتی ہے، توشہ خانہ بشمول 180 دیگر کیسز اور 2  قاتلانہ حملے مجھ پر کروائے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف فوجداری کی شکایت دائر کی گئی، شکایت کنندہ پر لازم ہے کہ وہ ثابت کرے کہ تحائف میرے پاس تھے جو اس نے ثابت نہیں کیے، میں نے تحائف ذاتی طور پر نہیں بیچے، میں نے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر وسیم چیمہ کے ذریعے تحائف بیچے جن کو عدالت بطور گواہ نوٹس جاری کرسکتی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں