لندن: کامن ویلتھ گیمز میں تمغوں کی دوڑ جاری ہے ، میڈلز ٹیبل پر آسٹریلیا سب سے آگے ہے ۔
برمنگھم میں جاری مقابلوں میں آسٹریلیا 22 گولڈ میڈل سمیت 52 تمغے جیت کر سرفہرست ہے ۔ انگلینڈ کی دوسری اور نیوزی لینڈ کی تیسری پوزیشن ہے ، ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی اب تک نمایاں پرفارمنس نہیں دکھا سکے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں بھارت نے اہم میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے ، پاکستان کو ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
اتوار کو برمنگھم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان خراب موسم کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والا میچ 18 اوورز تک محدود کر دیا گیا ، پاکستان کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ۔
قومی خواتین ٹیم مقررہ 18 اوورز میں 99 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، منیبہ علی 32 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں ، عالیہ ریاض 18، بسمہ معروف 17، ارم جاوید صفر، عمیمہ سہیل 10، فاطمہ ثناء 8، ڈیانا بیگ صفر، عائشہ نسیم 10، طوبیٰ حسن ایک اور کائنات امتیاز 2 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئیں ، بھارت کی سنیہ رانا اور رادھا یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔
جواب میں بھارت ویمنز نے مطلوبہ ہدف 11.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا ، سمتری مندھانہ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 3 اگست کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی ۔