اسلام آباد: سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں طلبی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہائیکورٹ بار کے صدر شعیب شاہین کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قومی اسمبلی اور سیکرٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کو فریق بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 7 جولائی کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میٹنگ منٹس غیر قانونی قرار دئیے جائیں اور پی اے سی میٹنگ منٹس کے تناظر میں ڈائریکشن احکامات غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پی اے سی کو درخواست گزار کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی بچانے کیلئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے عہدے سے ہٹانے کی سفارش بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی ہے۔
اس ضمن میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اختیار سے تجاوز کر رہے ہیں، عدالت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سفارش کو کالعدم قرار دے۔