روسی صدر نے امریکہ کو بڑا دشمن قرار دیدیا

10:56 AM, 1 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

سینٹ پیٹرز برگ: روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے امریکہ کو اپنا بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روسی افواج کسی بھی جارحیت کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے نیوی ڈے کے موقع پرسینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ تقریب میں نیول ڈاکٹرین پردستخط کئے جس میں امریکہ کو سب سے بڑا دشمن قرار دیا گیا ہے۔
صدر پیوٹن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کی افواج کسی بھی جارحیت کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں جبکہ انہوں نے آئندہ مہینوں میں بحریہ کو ہائپرسونک زرکون کروز میزائل دینے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ روس کے 55 صفحات پر مشتمل نئے نیول ڈاکٹرین میں روسی بحریہ کے سٹریٹیجک اہداف کو بیان کیا گیا ہے جس میں دنیا کی عظیم میری ٹائم طاقت بننا بھی شامل ہے۔ 
امریکہ کی دنیا کے سمندروں پرحکمرانی کی سٹریٹیجک پالیسی کوروس کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے اور اب روس نے امریکہ کو ہی اپنا بڑا دشمن قرار دیدیاہے۔ 

مزیدخبریں