کوئٹہ: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں حب ڈیم سمیت 7ڈیم سیلابی پانی کی تاب نہ لاکر ٹوٹ چکے ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کو خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کے 20 ہزار 187 پیکٹس تقسیم کئے گئے جبکہ 13 ہزار 440 خیمے، 8 ہزار 530 کمبل، 7 ہزار 500 واٹر کولر اور 9 ہزار 780 مچھر دانیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 5 ہزار 40 گیس سلنڈرز اور 1700 پلاسٹک میٹس بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی جاری ہے جہاں 24 گھنٹوں میں بچوں سمیت مزید 9 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 136 ہو گئی۔