اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کی وجہ سے مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو گھروں میں قرنطینہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کورونا سے متاثر 2 ہزار 294 افراد کو گھروں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ افراد کے گھروں کے باہر آمدورفت روکنے کے لیے پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
کورونا کے پیش نظر اسلام آباد کی کل 27 گلیوں کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیسوں کی شرح میں اضافہ جاری رہنے پر دیگر علاقوں کو بھی سیل کیا جائے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث سندھ کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے 62 اموات ہوئیں جن میں سے 36 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 26 افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے کراچی میں 19 فیصد، پشاور میں 23 فیصد، لاہور 21 فیصد اور اسلام آباد میں 37 فیصد مریض ہیں۔
اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ایبٹ آباد میں 52 فیصد، کراچی میں 55 فیصد، اسلام آباد میں 32 فیصد اور گلگت میں 34 فیصد مریض ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 965 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 18 ہزار 267، پنجاب میں 18 ہزار 815، خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 49، اسلام آباد میں 3 ہزار 707، بلوچستان میں 2 ہزار 635، گلگت بلتستان میں 906، آزاد کشمیر میں 1 ہزار 586 ٹیسٹ شامل ہیں۔
اب تک ملک بھر میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 41 ہزار 659 ہو چکی ہے۔ بلوچستان میں کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں مختص وینٹیلیٹرز پر 322 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 69 ہزار 756 ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 34 ہزار 837 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 24 ہزار 501، بلوچستان میں 30 ہزار 432، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 156، اسلام آباد میں 87 ہزار 699، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 44 ہزار 264، پنجاب میں 3 لاکھ 56 ہزار 920 اور سندھ میں 3 لاکھ 82 ہزار 865 مریض ہیں۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار 422 ہو چکی ہے جن میں سے سندھ میں 6 ہزار 1 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 29 مریض ہسپتالوں جبکہ 1 مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔