ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں مون سون بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 6 روہنگیا مہاجرین سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
بنگلہ دیش اور میانمار کے سرحدی علاقے موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ۔ سیلاب کے باعث تقریباً 3 لاکھ 6 ہزار افراد پھنسے ہوئے ہیں ، جبکہ 70 گاؤں ڈوب چکے ہیں ۔
حکام کے مطابق تقریباً 36 ہزار افراد کو اسکولوں اور سائیکلون شیلٹرز منتقل کردیا گیا ہے ۔ گزشتہ 4 روز سے ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ تمام سڑکیں بلاک ہیں ۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں ۔
دوسری جانب ، بھارت میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی ہے ۔ لینڈ سیلائیڈنگ اور مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 270 ہو گئی ۔
بھارت میں سیلاب کے باعث سب سے زیادہ تباہی ریاست مہاراشٹر میں ہوئی ۔ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سیکڑوں مکانات تباہ ہوگئے ، سڑکیں دھنس گئیں اور گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں ۔ 10 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں ۔