اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یوم استحصال کے موقع پر بھارت کو واضح پیغام دیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قوم عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اب غفلت کی تو ساری محنت رائیگاں چلی جائے گی۔ ہم نے بحیثیت قوم کورونا وائرس کو شکست دینی ہے۔ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ ہم 5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے جس پر ایک منٹ کی خاموشی ہو گی۔ 5 اگست کو کشمیریوں کا استحصال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے جبکہ صدر مملکت اسلام آباد میں ریلی کی قیادت کریں گے اور تمام وزرائے اعلیٰ صوبائی دارلحکومتوں میں ریلی کی قیادت کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مختلف شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے سیمینارز ہوں گے جبکہ اراکین اسمبلی کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے سیمینارز میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانی رنگ لائے گی اور بھارت کو شکست ہو گی۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سستے گھروں کی تعمیر میں حکومت کو پیش رفت ہوئی ہے کیونکہ ملک کے بڑے بلڈرز اس شعبے میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سرمایہ کاری سے کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے۔