اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عید پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے اس لیے عید قربان پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں جبکہ دعا ہے کہ اللہ کورونا سے نبرد آزما تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو کورونا کا سامنا ہے اور کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے عید سادگی سے منانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عوام سے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں جبکہ عید الاضحیٰ ایثار اور قربانی کا نام ہے اور یہ دن ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ خوشی کے موقع پر ہمیں اپنے نادار اور ضرورت مند بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے اور دل کھول کر اپنے ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عید پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو یاد رکھنا ہے وہ 5 اگست سے بھارتی حکومت کے غیر آئینی اقدام سے محصور ہیں۔