وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں سندھ کے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال عیدالاضحی بھی کورونا وائرس کے باعث ایس او پیز کے ساتھ منائی جارہی ہے اور ہمیں ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کرنا ہے تاکہ ہم اس موذی وبا سے محفوظ رہ سکیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دن تمام مسلمان سنت ابراہیمی علیہ السلام پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں قربانی کرکے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہمیں اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ ساتھ غریبوں، مسکینوں اور ضرورتمندوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور قربانی کے فلسفے کو سمجھتے ہوئے اس پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام متعلقہ اداروں کو بھی سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ شہر میں صفائی ستھرائی کا بطور خاص خیال رکھیں۔