برسٹول:ویمن ایشز سیریز کے سلسلے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں آخرکار انگلینڈ نے ایک فتح اپنے نام کر ہی لی۔
انگلینڈ نے آسٹریلوی ویمن ٹیم کو 17 رنز سے ہرا دیا۔ آسٹریلیا کی ایلیز پری کے ناقابل شکست 60 رنز بھی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ ویمن ٹیم کو ایشز سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سریز میں کلین سوئپ کیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد ٹیسٹ میچ ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا جبکہ آخری میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز بھی آسٹریلیا کی ویمن ٹیم نے 2-1 سے جیت لیا۔
تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ کی کیتھرین برنٹ نے شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ برسٹول میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں آسٹریلیا ویمن ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بناکر میزبان ٹیم کی میچ کامیابی کے لئے 140 کا مجموعہ ترتیب دیا۔
کپتان ہیتھر نائٹ بدقسمتی سے 23 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئیں۔ ونفیلڈ نے ناقابل شکست 26 اور کیتھرین برنٹ نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔ جوناسن، ولامنک اور گارڈنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
کیتھرین برنٹ اور سوفی کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت مہمان ٹیم کی آٹھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں اور جواب میں آسٹریلوی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 122 رنز بنا سکی۔ ایلیز پری نے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
ایلیز پری آسٹریلوی ویمن ٹیم کی طرف سے ناقابل شکست 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے کیتھرین برنٹ اور سوفی نے تین، تین جبکہ ویلیئرز نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔