نیویارک: ہیکرز نے ایچ بی او چینل پر نشر ہونے والے بہت سے مقبول شوز کی اقساط قبل از وقت ریلیز کردیں جبکہ ’گیم آف تھرونز‘ کے مواد کو بھی چوری کرلیا ہے۔
ہیکرز نے متعدد رپورٹرز کو ایک گمنام ای میل بھیجی، جس میں تحریر کیا گیا کہ 'سائبر دنیا میں سب سے بڑی لیک ہونے جارہی ہے، اس کا نام کیا ہے، میں بتانا بھول گیا، یہ ایچ بی او اور گیم آف تھرونز ہے!!! آپ وہ پہلے خوش قسمت ہوسکتے ہیں جو لیک ہونے والے شو کو ڈاو¿ن لوڈ کرسکیں، انجوائے کریں اور اس خبر کو پھیلا دیں، جو بھی اس خبر کو بہتر انداز میں پھیلائے گا، ہم اس کے ساتھ انٹرویو کریں گے، ایچ بی او گِر رہا ہے‘۔
جس کے بعد ایچ بی او نیٹ ورک نے اپنا بیان ریلیز کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ہیکرز کے پاس ان کا کون کون سا مواد موجود ہے، بیان میں لکھا گیا کہ ’ایچ بی او ہیکنگکا شکار ہوا ہے، ہم نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، ہم اپنے پاس موجود ڈیٹا کی حفاظت سنجیدگی سے کرتے ہیں‘۔
رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے ڈیٹا کا 1.5 ٹیرا بائٹس حصہ چوری کرلیا، جس میں 'گیم آف تھرونز' کا وہ مواد بھی موجود ہے جو اب تک ریلیز نہیں کیا گیا، اس کے علاوہ بالرز اور روم 104 نامی شوز کی آئندہ ریلیز ہونے والی اقساط بھی موجود ہیں۔ایچ بی او کے چیئرمین رچرڈ پلیپلر نے اس ہیکنگ کے بعد ملازمین کو ای میل کے ذریعے اس واقعے کے خلاف ایکشن لینے کا کہا۔واضح رہے کہ اس وقت تک ’گیم آف تھرونز‘ کی کوئی قسط آن لائن لیک نہیں کی گئی۔